بنگلورو9؍اگست(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور) برہت بنگلور مہانگر پالیکے کی طرف سے شہر میں بڑے نالوں پر غیر قانونی قبضے ہٹانے کیلئے چوتھے دن بھی انہدامی مہم جاری رہی۔ بعض مقامات پر بی بی ایم پی کے بلڈوزروں نے انہدام کیا تو دوسری طرف بی بی ایم پی افسران نے نالوں کے نقشوں کے مطابق مختلف جائیدادوں کا سروے جاری رکھا۔اس مرحلے میں افسران اور مکان مالکان کے درمیان بارہا لفظی جھڑپیں اور تکرار ہوتی رہی ۔ بی بی ایم پی کی اس مہم کے نتیجہ میں نالوں کے آس پاس آباد لوگوں کو یہ خوف لاحق ہوگیاہے کہ کسی بھی وقت ان کے مکان کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔ بمن ہلی کے قریب کیکونڈہلی میں آج صبح سویرے انہدامی مہم جب شروع کی گئی تو مکان مالکان اور بی بی ایم پی عملے کے درمیان تکرار ہوئی ، مکان مالکان نے کہاکہ وہ دوپہر میں کمشنر سے ملنے والے ہیں، اس وقت تک کی مہلت دی جائے۔تاہم افسران نے مہلت دینے سے انکار کردیا۔ان لوگوں نے کہا کہ وہ خود اپنا مکان خالی کرکے دیں گے منہدم کردیں۔ لیکن افسران نے اس کی پرواہ کئے بغیر انہدامی کارروائی جاری رکھی۔ارکیرے وارڈ میں آؤنی شرنگیری نگر میں بی بی ایم پی نے بڑے نالے پر غیر قانونی قبضہ جات ہٹانے کیلئے مہم بیک وقت مکمل کرلی۔ بڑے مشینوں کے استعمال سے مکانات گرانے کا سلسلہ جب شروع کیا گیاتو ایک ہی جھٹکے میں زمین بوس ہوگئے۔ یلہنکا کے ڈوڈ بمسندرا میں بڑے نالے کی جگہ پر غیر قانونی قبضے کو ہٹانے کیلئے 30سے زائد عمارتوں کومنہدم کر دیا گیا ۔اس انہدامی مہم سے خوفزدہ عوام نے بی بی ایم پی سے وقت طلب کیا، لیکن عملے نے ایک نہ سنی ، ان میں سے بعض لوگوں نے کہاکہ جس وقت ان لوگوں نے مکانات تعمیر کئے تھے، زمینات پرنالے موجود نہیں تھے، اب اچانک بی بی ایم پی افسران کوئی نقشہ لاکر یہ دعویٰ کررہے ہیں کہ ان لوگوں نے نالے پر مکانات تعمیر کرلئے ہیں، یہ سراسر زیادتی ہے۔شہر کے مہادیو پورہ ، یلہنکا ، بمن ہلی ، کرشنا راج پورم وغیرہ میں انہدامی مہم کو عارضی طورپر روک کر دوپہر بعد افسران نے مکان مالکان کو جگہ خالی کرنے کیلئے ایک دن کی مہلت دی۔
مری گوڈا کانگریس پارٹی سے معطل
بنگلورو9؍اگست(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور) میسور کی ڈپٹی کمشنر شیکھا سے گالی گلوچ کرنے اور انہیں دھمکی دینے کے الزام میں گرفتار میسور ضلع پنچایت کے سابق صدر مری گوڈا کو کانگریس پارٹی سے معطل کردیا گیاہے۔ مری گوڈا جو اپنے آپ کو وزیر اعلیٰ سدرامیا کا دست راست کہتے ہیں۔ انہوں نے کسی ٹنڈر کے معاملے میں میسور کی ڈپٹی کمشنر شیکھا کے ساتھ بدکلامی کی تھی، اور انہیں دھمکیاں دی تھیں۔اس کے فوراً بعد شیکھا نے مری گوڈا کے خلاف میسور کے نظر آباد پولیس تھانہ میں شکایت درج کرادی، جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مری گوڈا کے خلاف مقدمہ درج کیاتھا، اس سلسلے میں مری گوڈا نے تقریباً ایک ماہ تک پیشگی ضمانت حاصل کرنے کی کوشش کی، لیکن کامیاب نہیں ہوپائے۔ہائی کورٹ کی طرف سے عرض�ئ پیشگی ضمانت مسترد کردئے جانے کے خدشات کو دیکھتے ہوئے مری گوڈا نے اپنی عرضی واپس لے لی اور اگلے دن نظر آباد پولیس تھانہ پہنچ کر خود سپردگی کردی۔ اس واقعہ سے کانگریس پارٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچنے کے اندیشوں کو دیکھتے ہوئے آج کے پی سی سی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور نے مری گوڈا کو پارٹی سے معطل کرنے کے احکامات صادر کردئے۔